پولیس کا لال حویلی کے باہر ایکشن ، 2 کارکن گرفتار

راولپنڈی (ہاٹ لائن) عوامی مسلم لیگ کے رہنماء شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ لال حویلی کے باہر عوامی مسلم لیگ کے کارکن اور پولیس آمنے سامنے آ گئے۔ پولیس نے عوامی مسلم لیگ کے ایک کارکن کو حراست میں لیا تو دیگر کارکن مشتعل ہو گئے اور انہوں نے حراست میں لئے گئے کارکن کو چھڑا لیا۔ کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اس پکڑ دھکڑ کو حکومت کی آمرانہ روش قرار دیا۔ پولیس کل کے جلسے کیلئے لال حویلی کے باہر نصب ساؤنڈ سسٹم بھی اٹھا کر لے گئی ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ لال حویلی کے باہر پولیس کی 40 گاڑیاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہے کچھ کر لے، کل کا جلسہ ہر صورت ہو گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ کوئی متبادل راستہ ہر صورت میں ڈھونڈیں گے اور کل کا جلسہ ہر صورت ہو گا۔ دوسری جانب رات گئے لال حویلی کے باہر سے عوامی مسلم لیگ کے دو کارکنوں کو پولیس نے تلخ کلامی کے بعد گرفتار بھی کر لیا ہے۔