حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، رفیق رجوانہ

لاہور(ہاٹ لائن ) گورنر پنجاب /چانسلر پنجاب یونیورسٹی ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ جنہیں حکومت کرنے کا شوق ہے انہیں جمہوری انداز میں انتخابات جیت کر پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ’’ آیا آیا اورگیا گیا ‘‘ جیسے نعروں کازمانہ اب نہیں رہا بلکہ عملی طور پر کچھ کردکھانے کا وقت ہے۔ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت پنجاب یونیورسٹی کے طلباؤ طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب منعقدہ فیصل آڈیٹوریم میں شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پرپنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی، سینئر فیکلٹی و انتظامی عہدیداران ، ایچ ای سی کے نمائندگان اور طلباؤ طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں گورنرپنجاب نے کہا کہ احتجاج جمہوریت کا حسن ہے مگر مزاحمتی سیاست سے دنیا کی کسی جمہوریت کو کبھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگا کر کیچڑ نہیں اچھالنا چاہیے بلکہ دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جاری آپریشن ضرب عضب کی طرح کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس میں نابیناطالبعلم ، گریجوئیشن میں تندور پر کام کرنے اور رکشہ چلانے والے طلبہ کاپہلی پوزیشن پر آنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں اور حالات جیسے بھی ہوں تعلیم کی ترقی کا سفر نہیں رکنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 63فیصد تیس سال سے بھی کم عمر نوجوان ہیں جنہیں اپنی ذہانت ، محنت اورجذبہ حب الوطنی کے ذریعے وطن عزیز میں جاری ترقی کے سفر کوتیزی سے آگے بڑھانا ہے ۔