اداکارہ مرینہ خان کورونا وائرس کا شکار

کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ مرینہ خان کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔

’’تنہائیاں‘‘ اور ’’دھوپ کنارے‘‘ جیسے کامیاب ڈراموں میں کام کرنے والی اداکارہ مرینہ خان نے اپنا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر گزشتہ روز ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے دی۔ اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے خود کو 14 دنوں کے لیے اپنے کمرے میں آئسولیٹ کرلیا ہے۔

اداکارہ مرینہ خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے پھیلی قیاس آرائیوں کہ کورونا کچھ نہیں ہوتا وغیرہ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی پہلے کورونا کو سنجیدہ نہیں لیا تھا لیکن اب جب وہ خود اس خطرناک وائرس کا شکار ہوگئی ہیں تو ان کی طبعیت بہت خراب ہے۔

اداکارہ مرینہ خان نے کورونا کی علامات بتاتے ہوئے کہا کہ کورونا ایک حقیقت ہے مجھے کورونا کی وجہ سے بار بار بخار چڑھتا ہے، اترتا ہے، سر میں بھی درد رہتا ہے لیکن شکر ہے اب سر کا درد کم ہوگیا ہے۔