شوہر نے بیوی کی شادی اس کے محبوب سے ہی کروا دی

اب تک ہم بھارتی فلموں میں ہی دیکھتے آئے تھے کہ بھارتی فلم دل دے چکے صنم میں ہیرو اجے دیوگن اپنی اہلیہ ایشوریہ رائے کی شادی اس کے محبوب سے کروانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوگئے تھے لیکن اب حقیقت میں ہی ایک بھارتی شخص نے اپنی بیوی کی شادی اس کے محبوب سے کروا کر سب کو حیران کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے شہر بھاگل پور سے تعلق رکھنے والے اتم منڈل اور سپنا کی شادی 2014 میں شادی ہوئی اور جوڑے کے دوبچے بھی ہیں۔

شادی کے کچھ عرصے بعد سپنا کو شوہر کے کم عمر رشتے دار راجو کمار سے محبت ہو گئی اور دونوں نے بھاگنے کا فیصلہ بھی کر لیا۔

تاہم اس محبت کا علم جب سپنا کے شوہر کو ہوا تو پہلے پہل دونوں کئی بار جھگڑے تاہم بعد ازاں سپنا کے اپنی ضد پر اڑے رہنے کے باعث اتم نے بیوی کی محبت کو پانے میں اس کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپنا کے شوہر اتم نے بتایا کہ پہلے پہل تو وہ افسردہ ہوئے تاہم پھر اس مسئلے کا حل نکالنے کا سوچا، اتم کے مطابق اگر وہ ایسا نہ کرتے تو 3 لوگوں کی زندگیاں برباد ہو جاتیں، یہی وہ واحد حل تھا جس کے بعد ہم سب خوش رہ سکتے ہیں۔