عید الفطر پر چھٹیوں کی منظوری دے دی گئی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عید الفطر پر 6 چھٹیوں کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان نے عید الفطر پر 10 سے 15 مئی تک چھٹیوں کی منظوری دی ہے۔

وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق 10 سے 15 مئی تک عید کی چھٹیاں ہوں گی۔

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن این سی او سی کی سفارش اور وزیراعظم عمران خان کی اجازت سے جاری کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ عید کی چھٹیوں سے متعلق ایس او پیز پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل این سی او سی نے عید سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کی تھیں۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ عید پر ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے پرہیز کریں، ماسک کا استعمال لازمی کریں، نمازیوں کے لیے آنے جانے کے لیے علیحدہ راستہ رکھا جائے، رش سے بچا جائے۔

ہدایت نامے کے مطابق ہاتھ صاف کرنے کے لیے سینیٹائزر مسجد کے گیٹ پر رکھے جائیں، مساجد میں تین فٹ کا فاصلہ نمازیوں کے درمیان رکھا جائے۔

علاوہ ازیں عید الفطر پر نمازی وضو گھر پر کریں، جائے نماز ساتھ لے کر آئیں، پینے کے لیے پانی گھر سے لائیں، مساجد کے کولر سے پانی کا استعمال نہ کریں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ عوام شاپنگ مال، پارک، مارکیٹوں، رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں، علمائے کرام تقاریر میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی تلقین کریں۔