عمران خان صرف دوسروں کے اشاروں پر چل سکتا ہے ، بلاول بھٹو

کوئٹہ (ہاٹ لائن ) کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر واقعے میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج میں پہلی بار کوئٹہ آیا ہوں اور کئی دنوں سے بلوچستان آنے کی خواہش تھی، محترمہ بے نظیر بھٹو بھی شہادت سے پہلے بلوچستان آئی تھیں اور انہوں نے بلوچستان کے لاپتا افراد کے لیے بھی آوازاٹھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے خاندان اور بلوچستان کے عوام کا ایک ہی دکھ ہے، ہم ہر سانحے پرپاکستان کھپے کانعرہ لگاتے ہیں، ذوالفقارعلی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور جب بے نظیر کو شہید کیا گیا تھا اس وقت بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تھا۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ عمران خان کی بدقسمتی ہے کہ وہ کٹھ پتلی بننا چاہتے ہیں اور امپائرکی انگلی کے بغیر کوئی تحریک نہیں چلاسکتے،
bliawal
عمران خان کی سیاست کا فائدہ نوازشریف کو ہوتا ہے کیونکہ عمران خان پاناما لیکس پر نواز شریف کے گرد گھومتے رہیں گے جس سے میرا اور آپ کا نقصان ہوگا جب کہ پاناما ایک عالمگیرایشو ہے کوئی امپائرکی انگلی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کے استعفے سمیت ہمارے 7 مطالبات ہیں اور اگر 7 نومبر تک ان مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو پیپلزپارٹی لائحہ عمل کا اعلان 27 دسمبر کو کرے گی۔ چیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ افواج اور پولیس بہادری سے دہشت گردی کے خلاف لڑرہے ہیں، ہم دہشت گردوں سے لڑرہے ہیں تو نواز شریف اور عمران خان سمیت چوہدری نثارکیوں نہیں جب کہ وزیر داخلہ نے اپنی تمام تر توجہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو تنگ کرنے پرمرکوز کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرعاصم چوہدری نثار کے قیدی ہیں کیونکہ وزارت داخلہ نے انہیں قیدی بناکر رکھا ہے اور وہ تقریباً ایک سال سے زائد عرصے سےحکومت کی تحویل میں ہیں۔