عمران خان کی کارکنوں کو آج ہی بنی گالا پہنچنے کی ہدایت

اسلام آباد(ہاٹ لائن) ٹھنڈ کے باوجود سیاسی موسم گرم ہو گیا۔ کپتان دو نومبر کو میدان لگائیں گے لیکن کھلاڑیوں کو آج ہی بلا لیا۔ ٹویٹر پیغام میں عمران خان نے کارکنوں کو آج ہر صورت بنی گالہ پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ کپتان کی رہائش گاہ کے باہر کھلاڑیوں کا ہجوم لگ گیا۔ آمد کا سلسلہ بھی جاری۔ عمران خان دن بھر بار بار باہر آتے رہے اور کارکنوں کا جوش گرماتے رہے۔ گرفتاری سے بچنے کے گُر بھی بتاتے رہے۔ دوسری جانب، اسلام آباد انتظامیہ نے بھی لاک ڈاؤن روکنے کیلئے کمر کس لی۔ اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسروں کے اجلاس میں کارکنوں کی آمد روکنے کی حکمت عملی پر غور بھی کیا گیا۔ ادھر بنی گالہ کے باہر پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری صف بندی کر چکی ہیں۔ بکتر بند گاڑیاں اور مزید نفری بھی پہنچ گئی ہے۔ کورنگ روڑ پر بکتر بند گاڑیاں بھی تیار کھڑی ہیں۔ کارکنوں سے پولیس کے تصادم کا خدشہ بھی موجود ہے۔