شہید لیفٹننٹ کرنل محمد شاہد فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

لاہور (ہاٹ لائن ) حضرو کے قریب راستے بند ہونے کے باعث کھائی میں گر کر شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد شاہد قادر کو اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید افسر کی تدفین لاہور کے میاں میر قبرستان میں کی گئی۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد شاہد قادر راول پنڈی سے قافلے کو لیڈ کرتے ہوئے مانسہرہ جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوئے۔ شہید افسر کی تدفین پر ان کے تین بیٹے اور پاک فوج کے افسراور جوان بھی موجود تھے۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد بابر نے بتایا کہ حادثے کی وجہ راستوں کی بندش تھی۔ محمد شاہد قادر راولپنڈی سے قافلے کو لیڈ کرتے ہوئے مانسہرہ جارہے تھے کہ راستہ بند ہونے کی وجہ سے وہ گاڑی سے اتر کر آگے گئے تو پاوں پھسل جانے سے وہ کھائی میں گر گئے۔ لیفٹیننٹ کرنل شاہد قادر نے 14 اکتوبر 1994 کو کمیشن حاصل کیا، وہ یو این او کے مشن پر بیرون ملک بھی تعینات رہے، قومی پرچم کو جب شہید کے بڑے بیٹے کے ہاتھ میں دیا گیا وہ آبدیدہ ہوگئے۔