سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے الیکشن پر امن رہے،سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور (ہاٹ لائن ) سپریم کورٹ بار کے الیکشن برائے2016-17 سارا دن پرامن طور پرجاری رہے ۔جس میں تمام بڑے وکلاء گروپوں سمیت وکلاء انفراد ی حیثیت میں بھی اپنے اپنے امیدواروں کے بیج لگا کر ووٹ مانگتے رہے ۔گزشتہ روز فاروق ایچ نائیک ،رشید اے رضوی ، حامد خان ، سردار لطیف خان کھوسہ ، چودھری اعتزاز احسن ، عاصمہ جہانگیر ، میاں اسرار الحق ، احمد اویس ، اعظم نذیر تارڑ، محمد احسن بھون ،عابد ساقی ،آفتاب احمد باجوہ ،صفدر حسین تارڑ ،ڈاکٹرخالد رانجھا ، میاں عبدالقدوس ، محمد حنیف کٹھانہ ،حافظ عبدالرحمن انصاری ،رانا عبدالشکور ،اشتیاق چودھری ، اوررمضان چودھری سمیت وکلاء راہنماؤں نے لاہور میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔پولنگ شام 5بجے تک جاری رہی جبکہ دوپہر کو ایک گھنٹے کے لئے کھانے اور نماز کا وقفہ کیا گیا ۔پولنگ کے دوران سپریم کورٹ اور جی پی او کے سامنے والی سٹرک پر پولنگ کیمپ لگائے گئے تھے جبکہ پولنگ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی عمارت کے اندر ہوئی،اس موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔