وزیراعظم ہاﺅس یا بنی گالا چھپنے والے نہیں ،بلاول سینہ تان کے عوام کے درمیان موجود ہے، نثار احمد کھوڑو

لاڑکانہ(ہاٹ لائن ) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثارکھوڑو نے کہا ہے کہ ہم بنی گالا اور وزیراعظم ہاو¿س میں چھپنے والے نہیں۔ ہمارا لیڈر بلاول سینہ تان کے عوام کے درمیان موجود ہے۔ عمران خان کو نہ جانے کون سی انگلی اٹھنے کا انتظار ہے۔ پیپلزپارٹی سندھ کا صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی بار اپنے حلقہ انتخابات لاڑکانہ میں آمد کے موقع پر استقبال کرنے والے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاناما معاملے پر وزیراعظم منہ چھپاکر بیٹھے ہیں۔ ہم جمہوریت کو بچانے اور احتساب کو ممکن بنانے کے لئے حکمرانوں کو انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ حکمرانوں نے عوام کو مایوس کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ پاناما اسکینڈل کی تحقیقات کے حوالے سے ہم سپریم کورٹ کو دیکھیں گے اور پارلیمنٹ میں بل بھی لائینگے۔ آج عدالت نے کہا ہے کے پاناما کا کیس یومیہ چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو نے چار مطالبات پیش کردئے ہیں، جدوجہد شروع کرنے کے لئے کارکن تیاری مکمل کرلیں۔ اس موقع پر نثارکھوڑو کا کارکنوں نے جگہ جگہ شاندار استقبال کیا۔