مجھے نواز شریف کی سینٹر کی وکٹ اڑتی نظر آ رہی ہے،عمران خان

اس دن کا انتظار ہے ….جب دونوں بھائی جیلوں میں ہوں گے، عمران خان کا جلسے سے خطاب
کہا گیا لوگ ہتھیار لے کر آ رہے ہیں…. مجھے تو صرف ایک ہتھیار نظر آیا وہ شیخ رشید کا سگار تھا
اسلام آباد (ہاٹ لائن )پریڈ گراﺅنڈ میں عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ 24 گھنٹے کے نوٹس پر آج یہاں اکٹھے ہوئے ۔ عمران خان نے کہا کہ آج کا دھرنا یوم تشکر میں اس لئے تبدیل کیا کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ جو حکومت کر رہی ہے کہیںخون خرابہ نہ ہو جائے۔ مجھے تو معلوم ہے کہ آپ آئے ہی میرے لئے ہو اور آپ نے واپس نہیں جانا لیکن جب سپریم کورٹ نے فیصلہ کر دیا کہ نواز شریف کی تلاشی ہو گی تو میں نے دھرنے ختم کر کے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا۔ عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا گیا ہتھیار آ رہے ہیں مجھے تو کوئی ہتھیار نظر نہیں آیا سوائے ابھی تک ایک ہی ہتھیار نظر آیا وہ تھا شیخ رشید کا سگار۔ عمران خان نے کہا کہ اتنی عوام جب اسلام آباد آ جائے تو اسلام آباد خود ہی لاک ڈاﺅن ہو گیا ۔جب آپ کو حق نہ ملے ، لوگوں کو ڈنڈے مارے ، عورتوں کے ساتھ کیسا سلوک کیاتو عوام اپنے حق کیلئے باہر نکلتی ہے۔ میں تو اس دن کا انتظار کر رہا ہوں جب دونوں بھائی جیلوں میں ہوں گے۔عمران خان نے کہا کہ مجھے اس وقت بہت خوشی ہوئی اور اللہ کا شکر ادا کیا کہ جب سپریم کورٹ نے کہا کہ ملک کے اندر پاناما کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے اور ہم جلد ہی اس کا فیصلہ کریں گے ۔ سپریم کورٹ نے نیب کو بلا کر کہا پاکستان کے ادارے کام نہیں کر رہے ، نیب نے کیوں نہیں نواز شریف کو نوٹس بھیجا۔عمران خان نے کہا کہ میں تو آیا ہی اس لئے تھا کہ یا استعفیٰ دو یا تلاشی دو ۔ جب سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا تو میں نے اللہ کا شکر ادا کیا۔اور آج آپ سب کو یہاں بلایا کہ ہم سب اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں ۔عمران خان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ نواز شریف ہم تمہارا احتساب کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک تب ترقی کرے گا جب ہم کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دیں گے۔ نیب کے چیئر مین سے سپریم کورٹ نے جو کہا اسے شرم کرنی چاہیے۔ اگر نواز شریف کے متعلق ”گلی گلی میں شور ہے …. نواز شریف چور ہے “ یہ کہا جائے تو اس کو استعفیٰ نہیں دینا چاہیے؟مجھے نواز شریف کی سینٹر کی وکٹ اڑتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ آج دونوں بھائیوں کو پاناما شریف اور ڈراما شریف پیغام دینا چاہتا ہوںکہ اگر گھیراﺅ کیا تو ہم گھیراﺅ کریں گے۔رانا ثناءاللہ کی شکل مجرموں جیسی ہے ۔ عابد شیر علی کا باپ کہتا ہے عابد شیر علی نے 17 قتل کئے ہیں۔ن لیگ کے اندر مجرم پیشہ لوگ ہیں ان کا کام لوگوں کو ڈرانا دھمکانا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اب پاکستان بدل چکا ہے ۔چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے آخر میں کہا کہ میں اللہ سے دعا کروں گا کہ اے اللہ اس اندھیری رات کو ختم کرے اور ہمیں ان سے نجات دے۔