گوجرانوالہ :عبادت گاہوں پر حملوں کا منصوبہ ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک

گوجرانوالہ: (ہاٹ لائن) حساس اداروں کی اطلاع پر اروپ میں سی ٹی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلہ کے بعد تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ان کے دہشتگردوں کے دو ساتھی رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ فرار ہونے والے دونوں دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقہ بھر کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا. جو حساس اور اہم مقامات کو نشانہ بنانے کی پلاننگ کر رہے تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے دو کلاشنکوف، دو پستول اور سینکڑوں گولیاں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ سی ٹی ڈی پولیس نے ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔