کراچی: رینجرز اور پولیس کا آپریشن 5 ملزمان سمیت 84 مشتبہ افراد گرفتار

کراچی (ہا ٹ لائن) کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں امام بارگاہ پر حملے کے بعد رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹد آپریشن کے دوران 5 ملزمان اور 84 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔
شریف آباد تھانے کی حدود لیاقت آباد 4 کی امام بارگاہ پر گزشتہ روز دہشت گردوں کے حملے کے بعد رینجرز اور پولیس کی کارروائیوں میں بھی اچانک تیزی آ گئی اور رات گئے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہو ئے 84 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا ۔
نارتھ ناظم آباد کے علاقے کوثر نیازی کالونی سے 14، نصرت بھٹو کالونی سے 18 ، گلبہار کے علاقے فردوس کا لونی سے 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ دوسری جانب منگھو پیر کے علاقے ونگی گوٹھ میں بھی پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 5 ملزمان سمیت 47 افراد کو حراست میں لے لیا اور ان سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔