گنڈا پور تعلیم کیلئے کینیڈا جاﺅ، نعیم الحق ، معافی مانگو ، گنڈا پور

اسلام آباد: (ہاٹ لائن) روسٹرم کی لڑائی ہاتھا پائی میں تبدیل ہونے لگی تھی۔ اگر شیخ رشید اور اعجاز چودھری بیچ بچاؤ نہ کراتے تو بات زیادہ بھی بگڑ سکتی تھی۔ دنیا نیوز سے گفتگو میں خرم نواز گنڈا پور نعیم الحق پر برس پڑے، عمران خان کو بھی کھری کھری سنا دیں۔ یہی نہیں، خرم نواز نے ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے تحریک انصاف پر کسی موقع پر تعلق کا بھرم نہ رکھنے کا الزام بھی لگا دیا۔ عوامی تحریک کے رہنماء نے پرویز خٹک کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ خرم نواز گنڈا پور کا کہنا ہے کہ نعیم الحق معافی مانگیں، عمران خان ایکشن لیں ورنہ اپنا فیصلہ کرینگے۔ انہوں نے تو یہ بھی کہہ ڈالا کہ عمران خان نے توجہ نہ دی تو اپنے راستے کا تعین کریں گے، تحریک انصاف کو ہم سے تعلق کی کوئی پروا نہیں۔ دوسری جانب، عوامی تحریک نے ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان عوامی تحریک نے کہا ہے کہ نعیم الحق اگر گنڈا پور کو نہیں جانتے تو انہیں عہدے پر رہنے کا حق نہیں۔ ترجمان عوامی تحریک نے یہ بھی کہا کہ نعیم الحق کے پاس انفارمیشن نہیں تو کسی اہل شخص کیلئے عہدہ خالی کریں۔ عوامی تحریک نے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سے نعیم الحق کے رویئے کی شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادھر نعیم الحق غصے میں ڈاکٹر طاہر القادری کو “مولوی” کہتے رہے۔ مزید کہا کہ ڈاکٹر صاحب گنڈا پور کو تعلیم دینے کے لئے کینیڈا بلا لیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گنڈا پور نے گالیاں دیں، قیادت کو بھی برا بھلا کہا۔ یہی نہیں، جب یہ طوفان کچھ تھم گیا تو عمران خان میڈیا سے گفتگو کرنے باہر آئے لیکن اسے حسن اتفاق ہی کہیں کہ اُن کا پاؤں جہانگیر ترین کے پاؤں پر آ گیا۔ جہانگیر ترین پیچارے پہلے ہی کشیدہ ماحول سے پریشان تھے، لہٰذا اپنی تکلیف کا کسی سے گلہ نہ کر سکے اور خاموشی ہی کو عافیت جان کر مسکراتے رہے۔