جعفر ایکسپریس بڑی تباہی سے بچ گئی ، آب گم ریلوے ٹریک پر دھماکا

کوئٹہ (ہاٹ لائن) راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس بال بال بچ گئی ، ایف سی اور پولیس اہلکاروں نے آب گم ریلوے ٹریک پر نصب آئی ای ڈی برآمدکر لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آب گم ریلوے ٹریک پرایف سی اور پولیس اہلکاروں کو آئی ای ڈی ملی جسے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانے کیلئے ریلوے ٹریک پر نصب کیا گیا تھا تاہم جب اسے ناکارہ بنانے کی کوشش کی گئی تو دہشتگردوں نے اسے دھماکے سے اڑا دیا ۔دھماکے سے ایف سی اورپولیس اہلکارومحفوظ رہے تاہم اس سے ریلوے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا ہے ۔ جعفر ایکسپریس پنڈی سے کوئٹہ جار ہی تھی ۔ایف سی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کا مقصد جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانا تھا ، ٹریک کو ریموٹ کنٹرول دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی گئی ہے تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ہے ۔
دھماکے کے بعد مزید نفری کو روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو اہلکار بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں ۔ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے ۔دوسری جانب قانون نافذکرنے والے اداروں نے ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے کا سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔