عدالت نےڈونلڈ ٹرمپ کو پولنگ سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روک دیا

واشنگٹن(ہاٹ لائن ) ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کوعدالت نےپنسلوانیا میں پولنگ سرگرمیوں کی نگرانی سے روک دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی جج نے پنسلوانیا کے اس قانون کو برقرار رکھا ہے جس کے تحت باہر سے آکر پنسلوانیا میں الیکشن سرگرمیوں پر پابندی ہے۔
ٹرمپ نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے اپنے حامیوں کو ڈیموکریٹک اکثریتی علاقوں میں الیکشن سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ووٹرز کو ہراساں کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر ڈیموکریٹس نے چار ریاستوں میں عدالت سے رجوع کیا تھا۔
ڈسٹرکٹ جج جیرالڈ پیپرٹ نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ پنسلوانیا کے قوانین اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ کوئی باہر سے آکر ریاست میں پولنگ کی مانیٹرنگ کرے، الیکشن سے محض چند روز قبل اس قانون کو تبدیل کرنا تباہ کن ہو گا۔
عدالتی فیصلے سے ٹرمپ کے لیے پنسلوانیا میں پولنگ سرگرمیوں پر نظر رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ قانونی ماہرین کے مطابق ریاست اوہائیو میں ٹرمپ کو اسی قسم کی صورت حال کا سامنا ہو سکتا ہے۔