پاناما لیکس کیس، وزیراعظم کے بچوں نے جوابات جمع کرا دیئے

اسلام آباد (ہاٹ لائن ) پاناما لیکس کیس میں وزیراعظم کے بچوں نے جواب جمع کرا دیئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کسی کی زیر کفالت نہیں جب کہ تینوں بچے کسی سرکاری عہدے پر نہیں ہیں۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر حکمران جماعت کے وکیل سلمان بٹ کو وزیراعظم کے صاحبزادے حسن نواز، حسین نواز اور صاحبزادی مریم نواز کے جوابات جمع کرانے کے لئے انہیں آج تک کی مہلت دی تھی جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے بچوں کی جانب سے آج پاناما لیکس کے معاملے پر جوابات جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔ پاناما کیس کی تحقیقات کے حوالے سے درخواستوں کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر 1 کے لئے خصوصی پاسز جاری کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف اثاثے اور آف شور کمپنیاں چھپانے سے متعلق نواز لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی درخواستوں کی سماعت بھی آج ہوگی۔