بادشاہ سلامت کو بچانے کیلئے جھوٹے سروے کروائے جا رہے ہیں ، عبدالعلیم خان

لاہور ( ہاٹ لائن)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار عدالت پر اثر انداز ہونے اور بادشاہ سلامت کو بچانے کےلئے من پسندرپورٹوں اور بوگس سروے کا سہارا لے رہے ہیں یہ وہی عناصر ہیں جو آئین اور جمہوریت کے پیچھے چھپ کر ملکی سلامتی کے اداروں پر وار کرتے ہیں اب انہیں میڈیا میں من پسند خبروں کی بجائے ثبوتوں کے ساتھ عدالت سے رجوع کرنا چاہیے تا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے اور قوم جان لے کون کتنا کرپٹ ہے ؟ ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت کے سینئیر ترجمان پرویز رشید کی قربانی کے بعد مزید خوشامدیوں نے چارج سنبھال لیا ہے جو اپنی نوکری پکی کرنے کےلئے جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ ثابت کر نے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں علم ہونا چاہیے کہ پاناما لیکس دنیا کے منجھے ہوئے 400سینئیر تحقیقاتی صحافیوں کی تحقیق اور ثابت شدہ رپورٹس ہیں جن کی بنیاد پر دیگر ملکوں نے فوری فیصلے کیے عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومتی ترجمان جھوٹ کے عالمی ریکارڈ قائم کر رہے ہیں اور سرکاری وسائل کے ذریعے ڈس انفارمیشن مہم چلائی جا رہی ہے۔