کسی کو مذہب کے نام پر اپنا سیاسی ایجنڈا مسلط نہیں کرنے دیں گے: آصف زرداری

اسلام آباد(ہاٹ لائن) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اس عزم کا اعادہ کریں کہ کسی کو مذہب کے نام پر اپنا سیاسی ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے.
آصف علی زرداری نے کہا کہ کئی دہائیوں سے اسلام کا پیغام توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا رہا ہے اور ہمیں اسے درست کرنے کے لئے علامہ اقبال سے مدد لینی ہوگی اور اسلام کا پرامن، ترقی پسند اور ہمہ گیر امیج بحال کرنا ہوگا۔ علامہ اقبال کا سب سے بڑا کام یہ ہے کہ انہوں نے غیرمنتخب ملاﺅں کو قانون سازی کی اجازت دینے کو مسترد کر دیا اور کہا کہ یہ کام عوام کے منتخب نمائندوں کا ہے۔ علامہ اقبال کی یاد میں ہمیں بحث و مباحثہ اور تحقیق کرنی چاہیے اور آنکھیں بند کرکے مذہب کی فرسودہ تشریح کو نہیں ماننا چاہیے۔