تمام ایئر پورٹس پر ہائی الرٹ ……..”را“ کے ذریعے دہشت گردی کا خدشہ

لاہو ر(ہاٹ لائن ) محکمہ داخلہ پنجاب نے ملک کے تمام ائیرپورٹس پر بھارتی خفیہ ایجنسی ” را “ کے ذریعے دہشت گردی کا خدشہ ظاہرکر دیا، ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے دہشت گردی ہو سکتی ہے ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کو سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا احکامات جاری کر دیئے گئے ۔
ذرائع کے مطابق ہیڈ کوارٹر سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی کی جانب سے لاہور ائیرپورٹ انتظامیہ کو سکیورٹی سخت کرنے کے حوالے سے خط لکھا گیا ہے ۔خط میں آگاہ کیا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے تنبہیہ کی گئی ہے کہ ملک کے تمام ائیرپورٹس پر بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ذریعے دہشتگردی کا خدشہ ہے ،یہ حملے ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے ہو سکتے ہیں ، دہشتگردی کے خطرہ کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کو ہر ممکنہ حد تک فول پر وف بنا یا جائے ، ایسے واقعات سے بچاﺅ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور ائیر پورٹ کے حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کر دیا جائے ۔