لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا ،چار دہشت گرد گرفتار

حساس مقامات کے نقشے ، دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر کے ،تفتیش کےلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا‘ذرائع
بہاولنگر،لاہور( ہاٹ لائن)محکمہ انسداد دہشتگردی نے کامیاب کارروائی کر کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں تحریب کاری کی منصوبہ بندی کرنے والے چار مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ،حساس مقامات کے نقشے اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے تفتیش کےلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ سی ٹی ڈی نے بہاولنگر میں کالعدم تنظیم سے وابستگی رکھنے والے خطرناک افراد کی موجودگی کی ایک خفیہ اطلاع پر بھرپور منصوبہ بندی کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کی اور چار مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ۔ذرائع کے مطابق مبینہ دہشتگرد صوبائی دارالحکومت لاہور میں تحریب کاری کی منصوبہ سازی کر رہے تھے او ران سے حساس مقامات کے نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں ۔ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں بارودی مواد ، ہینڈ گرینیڈ اور الیکٹریکل ڈیٹو نیٹر میں ملے ہیں ۔ سی ٹی ڈی نے ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔