کراچی ، منگھو پیر میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی ، 3 ہلاک ، ترجمان رینجرز

کراچی(ہاٹ لائن ) ترجمان رینجرز کے مطابق منگھو پیر میں دہشت گردوں سے مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔رینجرز نے کراچی کے علاقے منگھو پیر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا تو علاقےمیں موجود دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا جب کہ اس دوران رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور پولیس کی نفری بھی طلب کرلی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے جب کہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔