منہاج القرآن کے زیر اہتمام 32 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے گراﺅنڈ میں ہو گی

لاہور (ہاٹ لائن )تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام دنیائے اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس ہر سال کی طرح اس سال بھی 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان گراﺅنڈ میں ہو گی۔عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن و سربراہ عالمی میلاد کانفرنس خرم نواز گنڈاپور، سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس 2016 ءجواد حامد، عوامی تحریک کے کوآرڈینیٹر ساجد محمود بھٹی،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی و دیگر رہنماﺅں نے مینار پاکستان گراﺅنڈ کا دورہ کیا۔سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے خرم نواز گنڈاپور اور دیگر مرکزی رہنماﺅں کو مینار پاکستان پر منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع کرنے اور انتظامات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی جس پر خرم نواز گنڈاپور نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کچھ ضروری ہدایات دیں۔جواد حامد نے خرم نواز گنڈاپور کو بتایا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ہونے والی کانفرنس کے انتظامات اور تیاریوں کیلئے 70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔اس برس بھی دنیا بھر سے مشائخ عظام اور علمائے کرام کی کثیر تعداد عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کرے گی۔تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی گئی ہیں۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کے میلاد پر دنیائے اسلام کے سب سے بڑے اجتماع کو کامیاب ترین بنانے کیلئے کارکن دن کا چین اور راتوں کی نیند حرام کر لیں اور صرف شہر لاہور سے لاکھوں افراد مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔