الطاف حسین کا دور ختم،گورنرہاؤس سے دہشت کی آخری نشانی مٹادی

کراچی (ہاٹ لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹرنہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں دہشتگرد تنظیم نے ڈیرہ ڈال رکھا تھا۔ آج دہشت کی آخری نشانی بھی مٹا دی گئی۔ بانی ایم کیو ایم کے دور اور پاکستان کو نہ ماننے والوں کے دور کا خاتمہ ہوگیا۔
گورنر ہاؤس کراچی میں نومنتخب گورنر سندھ جسٹس سعید الزمان صدیقی کی تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر نہال ہاشمی نے سابق گورنر اوران کی جماعت کو خاصا آڑے ہاتھوں لیا۔ بولے کہ آج الطاف حسین اور پاکستان کے نہ ماننے والوں کے دور کا خاتمہ ہوگیا۔ آج سے 14 سال پہلے مشرف کے دور میں یہاں ایسے لوگوں نے ڈیرہ ڈالا تھا جو پاکستان کے خلاف تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام کا گورنر آگیا، پہلے پاکستان کو ناماننےوالوں کا گورنرتھا۔ گورنر ہاؤس میں دہشتگرد تنظیم نے ڈیرہ ڈال رکھا تھا مگر آج دہشت کی آخری نشانی بھی ختم کردی گئی۔ پاکستان کے عوام اور جمہوری نظام کے تحت حلف برداری ہوئی۔ سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادکا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے سے متعلق سوال پرنہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا اداروں کا کام ہے .