کراچی میں پھر دہشت گردی سر اٹھانے لگی ، ایک گھنٹے میں فائرنگ کے تین واقعات ، 2 جا ں بحق

کراچی (ہاٹ لائن) کراچی میں ایک گھنٹے میں فائرنگ کے 3 واقعات ہوئے، کراچی یونیورسٹی کے طالب علم سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق گلستان جوہر بلاک 4 میں موٹر سائیکل سوار 2 حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو زخمی کردیا، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم ایک شخص دم توڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق واقعے میں زخمی اور جاں بحق افراد کراچی یونیورسٹی کے طالب علم ہیں، جاں بحق شخص کی شناخت مرتضیٰ جبکہ زخمیوں کے نام احسان علی اور شاہد ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت کا لگتا ہے تاہم دیگر پہلوؤں سے بھی تفتیش جاری ہے۔ اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، 3 افراد زخمی ہوئے، اورنگی ٹاؤن 5 نمبر پر بھی نامعلوم افراد نے ایک شخص کو گولیاں ماردیں، زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، نارتھ کراچی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوا۔