saba-qamar

فواد کے بعد صبا قمر کی بالی ووڈ فلم بھی ہندو انتہا پسندوں کا شکار

ممبئی(ہاٹ لائن )پاکستانی اداکارہ صبا قمر بھی فواد خان اور ماہرہ خان کی طرح بولی وڈ میں اپنی قسمت آزمانے کی تیاری کررہی تھیں تاہم ان کا بالی ووڈ کیریئر شروع ہونے سے قبل ہی مشکلات کا شکار ہوگیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث صبا قمر کی بالی ووڈ فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کی شوٹنگ غیر مْعینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔ فلم کی کہانی رومانوی اور مزاح پر مبنی تھی جس میں عرفان خان شوہر جب کہ صبا قمر ان کی بیوی کا کردار ادا کررہی تھیں۔ فلم کی ہدایات ساکت چوہدری دے رہے ہیں۔
دوسری جانب عرفان خان کے ترجمان نے فلم کی شوٹنگ ملتوی ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عرفان خان اور صبا قمر کی اس فلم کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور یہ خبریں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ملکوں میں جاری کشیدگی کا سب سے بْرا اثر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری پر بڑ رہا ہے جس کی ایک مثال فواد خان کی بالی ووڈ فلم ’اے دل ہے مشکل‘ بھی ہے۔دوسری جانب ماہرہ خان کی شاہ رخ خان کے ساتھ بالی وڈ فلم ’’رئیس‘‘ بھی مشکلات کا شکار ہے۔