shahbaz-sharif

گیم چینجرپاک چین اقتصادی راہداری کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا: شہبازشریف

لاہور(ہاٹ لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا ہے اور اس سے پاکستان سمیت پورے خطے کی قسمت بدل جائے گی۔گوادر بندرگاہ سے پہلے تجارتی قافلے کی روانگی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاک چین دوستی کے حوالے سے ایک عظیم دن ہے، پہلے تجارتی جہاز کی روانگی سے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستی کے عظیم سفرکا ایک نیا سنگ میل عبور کیاگیا اور آج گیم چینجرپاک چین اقتصادی راہداری کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا ہے جس کے باعث ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے جس کا خواب 20 کروڑ پاکستانی عوام نے دیکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے عظیم اورتاریخی منصوبے سے ہمارے دوست بے پناہ خوش ہیں لیکن دشمن کو ترقی و خوشحالی کے اس عظیم پیکیج پر بہت تکلیف ہے تاہم پاکستانی قوم اتحاد اوراتفاق کی قوت سے سی پیک کے خلاف دشمن کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی. وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کے صدرشی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ اور چینی عوام کو بھی تاریخی دن کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گوادر بندرگاہ سے تجارتی بحری جہازوں کی روانگی پاک چین دوستی کی ایک اور زندہ و تابندہ مثال ہے، پاکستانی قوم اس ضمن میں چین کے تعاون کی شکرگزار ہے،پاکستان کے 20 کروڑ عوام چین کے صدر کی جانب سے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے عظیم الشان سرمایہ کاری پیکیج کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور چین کا یہ تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج پاک چین معاشی تعاون کو مزید فروغ دے گا جب کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے منصوبوں سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک بھی فائدہ حاصل کرسکیں گے جس سے خطے میں معاشی و تجارتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔