پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر انتقال کرگئے

لاہور(ہاٹ لائن ) بے نظیر بھٹو کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر بدر کو 2 روز قبل سینے میں درد کے باعث اسپتال لایا گیا جہاں حرکت قلب بند ہونے سے ان کا انتقال ہوگیا۔ جہانگیر بدر کافی عرصے سے جگر اور معدے کے مرض میں مبتلا تھے جس کے باعث انہوں نے اپنی جماعت کی سرگرمیوں اور تقاریب میں جانا بھی محدود کردیا تھا۔
جہانگیر بدر 25 اکتوبر 1944 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کی۔ جہانگیر بدر پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے 2 مرتبہ وفاقی وزیر رہے۔ جہانگیر بدر نے 60 کی دہائی میں طلبا سیاست سے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا اور باقاعدہ طور پر پہلی مرتبہ 1988 میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور وہ وفاقی وزیراور سینیٹ میں لیڈرآف دی ہاؤس بھی رہ چکے ہیں۔