عارف علوی نے ایک ٹی وی پروگرام میں اہم انکشاف کر دیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عارف علوی نے الزام لگایا ہے کہ ن لیگی حکومت پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے فون ٹیپ کرتی ہے جبکہ کور کمیٹی کے اجلاسوں میں بھی جاسوسی کی جاتی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان نے سوال کیا کہ کسی بھی پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس انتہائی خفیہ ہوتا ہے جس میں ہونے والی باتوں کو صیغہ راز میں رکھا جاتا ہے لیکن وفاقی وزیر محمد زبیر نے مجھے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کی ویڈیوز بھی حکومت کے ہاتھ لگ جاتی ہیں جو آپ کے ہی لوگ انہیں فراہم کرتے ہیں، کیا کوئی ایسا بندہ پی ٹی آئی میں ہے جو حکومت کے ساتھ ملا ہوا ہو؟۔ حامد میر کے سوال پر عارف علوی نے الزام عائدکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی بھی رکن حکومت کو ایسی معلومات فراہم نہیں کرتا بلکہ حکومت نہ صرف پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کے فون ٹیپ کرتی ہے بلکہ کور کمیٹی کے اجلاسوں کی جاسوسی بھی کرتی ہے۔