پرویز مشرف سے متعلق افواہیں بے بنیاد، ویکنسی خالی نہیں ، فاروق ستار

کراچی (ہاٹ لائن) ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہاہے کہ سابق صدر پرویزمشرف کے حوالے سے تمام افواہیں بے بنیاد ہیں ،ہمارے پاس قیادت کی کوئی ویکینسی خالی نہیں جسے بیک ڈور یا اشتہار سے پرُ کر لیں ،مائنس ون فارمولے کا بیڑا لوگوں نے اپنے طور پر لیا ہے۔ سربراہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان فاروق ستار نے سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے تمام افوہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا کسی پارٹی کے ساتھ انضمام یا اتحاد نہیں ہورہاہے ،ہمارے پاس قیادت کی کوئی نشست خالی نہیں ہے جسے ہم اشتہار یا بیک ڈو ر کے ذریعے پر کر لیں گے ،ہمیں کسی شخصیت کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں موقع ملا ہم نے لوگوں کی خدمت کی اور 36سالوں سے عوام کے درمیان موجود ہیں ،ہم ملک چھوڑ کر نہیں گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے دبئی آنے کا علم نہیں تھا ،دبئی میں کسی سے ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی نے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔فاروق ستار کا کہناتھا کہ ہر قانون پسند شہری متحد ہ قومی موومنٹ کا رکن اور ممبر بن سکتاہے ،فاروق ستار نے کہا کہ احمد رضا قصوری نے یہ پیکج ڈرائینگ روم میں بیٹھ کر بنایاہے جبکہ لیاقت آباد ،شاہ فیصل کالونی سمیت پورے شہر میں گراونڈ پر رہتے ہوئے سیاست کرنے میں بہت فرق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کا نام تبدیل کرنے اور دیگر حوالوں سے ہم پر کسی کا کوئی پریشر نہیں تھا ۔ فاروق ستا ر کاکہناتھا کہ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ کراچی حلوہ ہے ،ہمارا ووٹ بینک حلوہ ہے اور وہ اسے کھانا چاہتے ہیں تو ایم کیوایم کارکنان ایسا کسی صورت نہیں ہونے دیں گے ،مائنس ون فارمولا اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر نہیں ہوا بلکہ یہ قدرتی طور پر ہواہے ،اس کا بیڑا لوگوں نے اپنے طور پر لیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ایک ہے اور ایک ہی رہے گی ،اس میں کوئی تقسیم یا کوئی انتشار نہیںہے ،ڈاکٹر عشرت العباد متحدہ قومی موومنٹ کے رکن نہیں ہیں ،ہر قانون پسند شہری کیلئے ایم کیوایم کے دروازے کھلے ہیں ،ہم نے ایم کیوایم کو بچانے کیلئے 23اگست کو بھی قربانی دی ہے ۔