پاناما کا ہنگامہ ،درخواستوں کی سماعت آج ہو گی

اسلام آباد (ہاٹ لائن) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ پاناما لیکس کیس کی سماعت کرے گا۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد نے وزیراعظم کی نااہلی کیلئے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے تمام فریقین کو دستاویزی ثبوت پیش کرنے کی آخری مہلت دی تھی۔ تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کی جانب سے الگ الگ ثبوت عدالت میں جمع کرائے جا چکے ہیں تاہم تحریک انصاف کچھ اضافی دستاویز بھی جمع کرائے گی جبکہ وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز اور حسن نواز اپنے دستاویزی ثبوت آج عدالت عظمیٰ میں پیش کریں گے۔ وزیراعظم کے تینوں بچوں نے اپنا وکیل بھی تبدیل کر لیا ہے اور سلمان اسلم بٹ کی جگہ اب اکرم شیخ مریم، حسین اور حسن نواز کی پیروی کریں گے۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے قرار دیا تھا کہ فریقین کو ثبوت جمع کرانے کا آخری موقع دیا جارہا ہے۔ جس کے بعد کوئی بھی ثبوت قبول نہیں کیا جائے گا اور انہی ثبوتوں کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا کہ معاملے کی چھان بین کیلئے کمیشن قائم کیا جائے یا نہیں۔