ترکی کی نیوکلیئر سپلائیر گروپ کی حمایت پر پاکستان نے شکریہ ادا کیا

اسلام آباد (ہاٹ لائن) پاکستان نے ترکی کی جانب سے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کا رکن بننے کی بھارتی کوششوں پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کرنے پر ترکی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ یہ بات بدھ کے روز ایوان صدر میں ترک اور پاکستانی صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں کہی گئی ہے۔ بیان کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین اورترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور دفاعی تعلقات میں مزید گہرائی پیدا کرنے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اور خطے میں امن، لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے خاتمے ، افغانستان میں دیرپا امن کے لیے مشترکہ کوششوں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفا ق کیا ہے جبکہ پاکستان نے نیوکلیئر سپلائیر گروپ کے معاملے میں بھر پور حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔