ترک سرمایہ کار سی پیک سے فائدہ اٹھائیں ، وزیراعظم ، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کو اپنی خوشحالی سمجھتے ہیں، ترک صدر

اسلام آباد (ہاٹ لائن )وزیراعظم نواز شریف نے ترک سرمایہ کاروں کو پاک چین راہداری کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کو اپنی خوشحالی سمجھتے ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات مزید بڑھیں گے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان اور ترکی کی سرمایہ کاری گول میز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں وزیرا عظم نواز شریف اور ترک صدر طیب اردوان بھی موجود تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ اپنے بھائی طیب اردگان اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتا ہوں، پر امید ہوں کہ اس کانفرنس سے دونوں ملک فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستانی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے عالمی ادارے بھی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں، ترک سرمایہ کار بہترین کاروباری ماحول سے فائدہ اٹھائیں ترک صدر طیب اردوان کا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکی ہمیشہ دوست رہیں گے، پاکستان اور ترکی کے درمیان معاشی تعلقات مزید بڑھیں گے ،چین پاکستان اقتصادی راہداری علاقے کی ترقی کے لئے اہم منصوبہ ہے۔ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں استحکام کے لئے پر امید ہیں۔انہوںنے کہاکہ معاشی اور اقتصادی شعبوں سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دیں گے، جبکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کو اپنی خوشحالی سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے دیرینہ تعلقات ہیں، ترکی پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔