ترک صدر وزیراعظم کی طرف سے عشائیہ میں شرکت کے بعد ترکی روانہ

لاہور (ہاٹ لائن) ترک صدر رجب طیب اردگان وزیر اعظم نواز شریف کے عشائیہ میں شرکت کے بعد علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ لاہور سے واپس ترکی روانہ ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان اسلام آباد سے لاہور میں حضوری باغ شاہی قلعہ آئے جہاں انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دی گئی عشائیہ میں شرکت کی۔ اس موقع پرپنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ ، گورنر پنجاب اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کے علاوہ پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔ حضوری باغ میں ترک صدر کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ کے دوران پاکستانی گلوکاروں نے بھی سماں باندھا اور مہمانوںکو خوب محظوظ کیا۔ عشائیے کے دوران پنجاب حکومت اور ترک حکومت کے درمیان مختلف معاہدوں اور یاد داشتوں پر بھی دستخط ہوئے۔ عشائیہ سے فراغت کے بعد ترک صدر اپنے قافلے سمیت علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ لاہور سے واپس ترکی روانہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان متعدد منصوبوں اور یاد داشتوں پر دستخط ہوئے۔ اردگان نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کیا تھا۔ بطور صدر یہ ان کا پہلا اور مجموعی طور پر پاکستانی پارلیمنٹ سے تیسرا خطاب تھا۔