جنرل راحیل کا سامان شفٹ ‘ توسیع نہ لینے کا حتمی فیصلہ

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر مدت ملازمت میں توسیع کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے الوداعی ملاقاتیں شروع کر دی ہیں۔ جنرل راحیل شریف نے عسکری اور سول قیادت پر واضح کر دیا ہے کہ ان کا کسی بھی صورت میں توسیع مدت ملازمت کا ارادہ نہیں ہے۔ گزشتہ روز جنرل راحیل شریف نے لاہور میں مصروف دن گزارا ‘ وہ اپنے مادر علمی گورنمنٹ جی سی یونیورسٹی لاہور میں بھی گئے جہاں پر انکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ جنرل راحیل شریف کو جی سی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے انکے داخلہ فارم بھی پیش کئے جن کو دیکھ کر راحیل شریف ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے رہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے اپنا سامان بھی لاہور شفٹ کروا دیا ہے اور وہ اپنی مدت ملازمت سے ایک روز بھی زیادہ آرمی ہاﺅس میں نہیں گزارنا چاہتے اور انکی خواہش ہے کہ وہ اچھی روایت پیدا کر کے جائیں۔