ورکنگ باونڈری پر مسلسل جارحیت ، بھارت امن کیلئے خطرہ بن گیا ، پاکستان

اسلام آباد(ہاٹ لائن ) پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے جارحانہ اقدامات نہ صرف دنیا بلکہ خطے میں امن کے قیام کےلئے خطرہ ہیں ،ایل او سی اور ورکنگ باو¿نڈری پر مسلسل جارحانہ اقدامات بھارتی دوہرے معیار کے عکاس ہیں ، پاکستان بھارت کے ساتھ کشیدگی نہیں بڑھاناچاہتا ، جب لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جائے گی تو پاکستان اپنا ردعمل دے گا ،افغانستان میں غیر ریاستی عناصر کی موجودگی تحفظات کو جنم دے رہی ہے ،افغان چیف ایگزیکٹو کے دورے کے حوالے سے باہمی مشاورت سے تواریخ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ میں نفیس زکریا نے کہاکہ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر مسلسل جارحانہ اقدامات بھارتی دوہرے معیار کے عکاس ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشیدگی کو بڑھانا نہیں چاہتا، لیکن جب لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جائے گی تو پاکستان اپنا ردعمل دے گا۔نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت کشیدگی پیدا کرکے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارتی وزیر دفاع کا ایٹمی ڈاکٹرائن پر بیان بھارت کے دوہرے معیار کا عکاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ این ایس جی کے حالیہ اجلاس میں پاکستان کی رکنیت کے حصول کی سنجیدہ کوششوں کو دیگر ممالک کی جانب سے سراہا گیا۔