قمر زمان کائرہ کو اہم ذمہ داریاں مل گئیں

لاہور( ہاٹ لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کو پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کا صدر اور ندیم افضل چن کو جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا جبکہ دونوں رہنماﺅں نے قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشا اللہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں دوبارہ عروج پر لے جائیں گے ،آ نے والے دنوں میں اپنا ایجنڈا میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔ بلاول ہاﺅس لاہور میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت وسطی پنجاب کی کوارڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وسطی پنجاب کوآرڈینیشن کمیٹی کے نمائندوں سمیت مرکزی و صوبائی رہنماﺅں نے شرکت کی ۔بلاول بھٹو زرداری نے کوارڈی نیشن کمیٹی کی طرف سے تجویز کئے گئے ناموں میں سے قمر زمان کائرہ کو وسطی پنجاب کا صدر ، ندیم افضل چن کو جنرل سیکرٹری اور مصطفی نواز کھوکھر کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کرنے کا اعلان کیا ۔ بلاول بھٹو نے مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب عہدیدار پیپلز پارٹی کو پنجاب میں دوبارہ عروج پر لے جانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔