chehlum

ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم آج منا یا جا رہا ہے، شہر شہرسخت سیکیورٹی انتظامات

لاہور (ہاٹ لائن) ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم آج منایا جائے گا۔انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
کراچی اور کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی ہو گی جبکہ لاہور میں جلوس کے شرکا کی بائیو میٹرک تصدیق بھی کی جائے گی۔تفصیل کے مطابق کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان اور پشاور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جائیں گے, شرکا کی بائیو میٹرک تصدیق بھی کی جائے گی جس کیلئے نادرا اہلکار بھی موجود ہوں گے۔شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سندھ بھر میں موبائل فون سروس آج 12بجے سے رات 10 بجے تک بند رہے گی۔ گلگت بلتستان، پشاور، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی موبائل فون سروس دن 12 بجے سے بند کردی جائے گی۔ سندھ میں تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے، لیاری ایکسپریس وے شام سے بند کر دی جائےگی۔کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے،سی ویو پر خلاف ورزی کرنے والے 100 افراد کوگرفتار کرلیا گیا،پولیس نے 50 موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لے لیں،جیکسن کے علاقے سے 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔لاہور میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس حویلی آصف شاہ اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہونے جا رہا ہے۔لاہورمیں چہلم حضرت امام حسین اور عرس داتا صاحب کا آخری روز ہے جس کی وجہ سے سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں،6 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں سے چہلم کے جلوس کی مانٹیرنگ کی جا رہی ہے۔جلوس کے روٹس اور عرس کے راستوں پر 180 کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ڈی سی او آفس میں قائم مانیٹرنگ سیل سے ان کی نگرانی کی جائے گی ۔سیکورٹی انتظامات کے تحت داتا دربار اور کربلا گامے شاہ کی طرف جانے والے راستوں کو ٹریفک کے لیے بند کرکے بیئریئر اور خاردار تار لگا دئیے گئے ہیں۔عرس کے دوسرے روز زائرین پیدل دربار کی جانب جا رہے ہیں،انہیں واک تھرو گیٹس سے گزار کر داتا دربار اور کر بلا گامے شاہ کی طرف جانے کی اجازت دی جا رہی ہے،اس موقع پر گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول میں میڈیکل کیمپ لگا یاگیا ہے،داتا دربار اور کر بلا گامے شاہ کے اردگرد لائیٹس لگانے کے ساتھ جنریٹرز بھی لگا دئیے گئے ہیں،پیر کےروز لاہور میں مقامی تعطیل ہوگی۔راولپنڈی میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوگا۔ رات گئے جلوس کے اطراف تمام راستوں کو سیل کردیا گیا۔ کیمرے بھی لگا دیے گئے ہیں جبکہ راجہ بازار،فوارا چوک اوربنی چوک پر کنٹینر لگا دیے گئے۔فیصل آباد میں مرکزی جلوس عزا خانہ شبیر سے برآمد ہونے کے بعد گھنٹہ گھر چوک تک جائے گااور واپس عزا خانہ شبیر پر اختتام پذیر ہوگا،دو ہزار کے قریب اہلکارحفاظتی ڈیوٹی انجام دیں گے۔