آرمی چیف الوداعی دوروں کے آغاز کے ساتھ ہی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے

اسلام آباد (ہاٹ لائن) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے الوداعی دوروں کے آغاز کے بعد سے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ان کے حق میں عوام اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں جب کہ پاک فوج کے سربراہ کئی گھنٹوں سے پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹریند بنے رہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنی قیادت میں پاک فوج کو دنیا کی اولین فوج کی صف میں لاکھڑا کیا اوران کی خدمات کی تعریف صرف ملک میں ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی کی جارہی ہے جب کہ اس دوران انہیں مختلف اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ آرمی چیف کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے ان سے یہ فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی گئی جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں جنرل راحیل شریف سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کے لیے بینرز بھی آویزاں ہوئے تاہم مستقل مزاج جنرل راحیل شریف نے اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے جیسے ہی الوداعی ملاقاتوں کا آغاز کیا تو ملک بھر میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہوگیا اور اسی دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی عوام نے اپنے سپہ سالار کےحق میں دل کھول کر تعریفی کلمات کہے۔