کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سےدھند میں اضافہ، حد نگاہ 500میٹررہ گئی

کراچی: بدھ کی صبح شہر کی فضا میں نمی کاتناسب غیر معمولی طورپر بڑھنے کے سبب دھند پھیل گئی جس کے باعث حد نگاہ 6کلومیٹر سے کم ہوکر صرف500 میٹر رہ گئی۔

محکمہ موسمیات کراچی کے مطابق بدھ کی صبح ہوا میں نمی کاتناسب غیر معمولی طورپر 86 فیصد تک بڑھ گیا۔ جس کی وجہ سے دھند پھیلی اور حد نگاہ متاثر ہونا شروع ہوگئی جو6کلومیٹر سے کم ہوکر صرف 500میٹر رہ گئی تھی تاہم مکمل دن طلوع ہونے اور دھوپ نکلنے کے بعد حد نگاہ بہتر ہونا شروع ہوگئی ،محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آج بھی نمی کے تناسب میں اضافے کی وجہ سے دھند چھانے اور حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے شہر میں گزشتہ کئی روز سے جاری سرد موسم کی جگہ دن کے اوقات میں ہلکی حدت برقرار ہے۔

آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے رواں ماہ دسمبر میں ہفتے کے روز شہر کا گرم ترین دن بھی ریکارڈ ہوا جب درجہ حرارت کا پارہ 32 ڈگری کو چھوگیا تھا ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس کا کہنا ہے کہ دسمبر کے مہینے میں ماضی کا کوئی ریکارڈ نہیں ٹوٹا کیونکہ سن2011 کے دسمبر میں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.5 ڈگری ریکارڈ ہوچکا ہے۔