کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشت گرد جان ولی شینا افغانستان میں قتل

اسلام آباد: کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد جان ولی شینا کو افغانستان میں نا معلوم افراد نے قتل کردیا ہے۔

افغان ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والا انتہائی مطلوب دہشت گرد جان ولی شینا افغان صوبے کنڑ فرار ہوگیا تھا جہاں نامعلوم افراد نے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جان ولی شینا دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث تھا، اس کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے تھا تاہم بعد میں وہ فرار ہوکر افغانستان چلا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی اعلیٰ قیادت افغانستان میں موجود ہے اور پاکستان میں افغانستان اور بھارت کی ایما پر دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہے، پاکستان کے بارہا مطالبے کے باوجود افغان حکومت ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرنے سے گریز کررہی ہے۔