آصف زرداری اور طاہرالقادری کی ملاقات آج ہوگی

لاہور: سابق صدر آصف زرداری اور طاہرالقادری کے درمیان ملاقات آج ہوگی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر آئندہ کی حکمت عملی کے لیے کل آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے جس میں تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز آصف زرداری اور طاہرالقادری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں دونوں رہنماؤں نے آج ملاقات پر اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری آج وفد کے ہمراہ سہ پہر 3 بجے کے قریب منہاج القرآن سیکریٹریٹ آئیں گے جہاں ان کی طاہرالقادری سےملاقات ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹاون پرحکمت عملی سے متعلق مشاورت اور 30 دسمبر کی اے پی سی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی ۔

واضح رہے کہ آصف زرداری 2 ہفتے قبل بھی عوامی تحریک کے قائد سےملاقات کر چکے ہیں۔