آپریشن ردالفساد: بلوچستان سے افغان خفیہ ادارے کا مشتبہ سہولت کار گرفتار

فرنٹیئر کور بلوچستان اور خفیہ ایجنسی کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے افغان خفیہ ادارے کے مشتبہ سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فرنٹئیر کور اور خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا جب کہ موسیٰ کالونی اور سنگن کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں افغان خفیہ ادارے کے مشتبہ سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سنگن میں آپریشن کے دوران ایف سی نے اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انسداد اسلحہ مہم کے دوران سبی، تلی اور ڈیرہ مراد جمالی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے رضاکارانہ طور پر اسلحہ ایف سی کے حوالے کیا