فیس بک کی تصویر پر کمنٹس دینے پر بچوں میں لڑائی، نوجوان جاں بحق

لڑائی کے دوران ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا جو نوجوان داؤد کے سر پر لگ گیا۔

جہلم: اعظم پور میں فیس بک پر پوسٹ کی گئی تصویر پر کمنٹس دینے پر لڑائی کے دوران نوجوان جاں بحق جب کہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ہاٹ لائن نیوز کے مطابق پنڈ دادنخان کے نواحی گاؤں اعظم پور میں بچوں میں لڑائی کے باعث 22 سالہ نوجوان جاں بحق جب کہ 2 افراد زخمی ہوگئے، اطلاعات کے مطابق لڑائی بچوں میں سماجی رابطے کی سائٹ فیس بک پر پوسٹ کی گئی تصویر پر کمنٹس دینے پر ہوئی، جس میں بڑے بھی کود پڑے اور ایک دوسرے پر ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔

لڑائی کے دوران ایک ڈنڈا گھر میں آئے مہمان داؤد کے سر پر جالگا جس کے باعث وہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد نوجوان کی لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔