لودھراں ضمنی انتخاب: علی ترین سمیت دیگر امیدوار کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے طلب


لودھراں کے ضمنی انتخاب کے لئے تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین سمیت دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے طلب کرلیا گیا۔

جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر تحریک انصاف کی جانب سے ان کے صاحبزادے علی ترین کو ٹکٹ دیا گیا۔

ریٹرننگ آفیسر کے مطابق لودھراں کے ضمنی انتخاب کے لئے علی ترین سمیت 14 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جب کہ شفیق آرائیں، ساجد انعام، نفیس احمد اور مرزا علی بیگ کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جا چکے ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے عمیر بلوچ کو کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے لئے 3 جنوری اور پی ٹی آئی کے علی ترین کو 4 جنوری کو طلب کیا گیا ہے۔

آر او کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 5 جنوری تک کی جائے گی اور 9 جنوری تک کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی