دبئی سے آنیوالی خاتون سے 19 لاکھ کا سونا اور 19 موبائل فونز برآمد

کھیپ مافیا عمر رسیدہ افراد اور خواتین کو اسمگلنگ کیلیے استعمال کر رہا ہے، واصف ملک۔

کراچی: پاکستان کسٹم پریونٹو کلکٹریٹ کے عملے نے دبئی سے آنیوالی مسافر سے 19 لاکھ روپے مالیت کا 377 گرام سونا اور 19 قیمتی موبائل فونز برآمد کر لیے۔

پاکستان کسٹم پریونٹو کلکٹریٹ کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تعینات عملے نے دبئی سے آنیوالی مسافر عظمیٰ مہوش سے 19 لاکھ روپے مالیت کا 377 گرام سونا اور 19 قیمتی موبائل فونز برآمد کر لیے، مسافر خاتون دبئی ایئر لائن کی پرواز Fz 329 سے کراچی آئی تھی جسے کسٹم حکام نے گرفتار کر لیا ہے۔

ڈپٹی کلکٹر پریونٹیو ایئر پورٹ واصف ملک نے ایکسپریس کو بتایا کہ برآمد شدہ سونا خاتون نے اپنے زیر جامہ کپڑوں میں چھپایا ہوا تھا لیکن کسٹمز پریونٹیو کے عملے کی ارائیول پر مانیٹرنگ کے سخت نظام کے نتیجے میں اب جناح ٹرمینل ارائیول کھیپ مافیا کے لیے مشکل ثابت ہو رہا ہے۔