عمرکوٹ میں شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی کو قتل کر دیا

مقتولہ 2 بچوں کی ماں تھی، نواحی گاؤں میں نیرچند نے بیوی پر ڈنڈوں اور گھونسوں کی بارش کر دی، ملزم گرفتار۔

کنری: عمرکوٹ میں نئے سال کی آمد پر سفاک شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی کو قتل کر دیا۔

گزشتہ شب عمرکوٹ کے نواحی گاؤں وہرو شریف میں ملزم نیرچند نے اپنی بیوی 2 بچوں کی ماں کوکاری قرار دے کر اس پر ڈنڈوں اور گھونسوں کی بارش کر دی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی تاہم اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئی اور لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال پہنچائی جو بعدازاں قانونی کارروائی کے بعد مقتولہ کے بھائی کے حوالے کر دی گئی۔

ایس ایچ او سٹی عمرکوٹ وجِے کمار کھتری نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمے میں 3 ملزم نامزد کیے گئے ہیں مرکزی ملزم نیرچند اوڈھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ جانو اوڈھ اور ٹال اوڈھ کی تلاش جاری ہے۔