عمران خان طلبی پر انسداد دہشت گردی کی عدالت پہنچ گئے

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 4 مختلف مقدمات میں طلبی پر انسداد دہشت گردی کی عدالت پہنچ گئے۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کے خلاف 2014 کے دھرنے کے دوران دائر کیے گئے چار مقدمات کی سماعت جاری ہے، عدالت نے انہیں 12 بجے تک پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

عدالت کے طلب کیے جانے پر عمران خان آج پانچویں مرتبہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔

آج ہونے والی سماعت میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے جن کی جگہ معاون وکیل شاہد گوندل عدالت میں پیش ہوئے۔

عمران خان کےخلاف پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کا کیس بھی شامل ہے۔

13 دسمبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت میں ان چاروں مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کی گئی تھی۔