سلمان خان اور رانی مکھرجی 6 سال بعد پھر ایک ساتھ

بالی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی قریبی دوست سلمان خان سے ناراضی ختم ہونے کے بعد اب فلم کی تشہیر کے لیے 6 سال بعد رئیلٹی شو ’بگ باس 11‘ کے سیٹ پر جائیں گی۔

رانی مکھرجی اور سلمان خان نے ایک ساتھ کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور دونوں بہت اچھے دوست بھی ہیں لیکن 6 سال قبل رانی اپنی فلم ’آئیا‘ کی تشہیر کے لیے سلمان خان کے شو ’بگ باس‘ کے سیٹ پر پہنچیں تو انہیں شوٹنگ کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا تھا۔

رانی مکھرجی طویل انتظار پر ناراض ہوگئی تھیں اور پھر انہوں نے اپنی فلموں کی تشہیر کے لیے سلمان کے شو کو نظر انداز کرنا شروع کر دیا تھا لیکن اب ایک بار پھر انہیں اپنی فلم ’ہچکی‘ کے لیے باگ باس جانا پڑ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رانی مکھرجی اور سلمان خان کے درمیان ناراضگیاں دور ہو چکی ہیں جس کے بعد وہ فلم ’ہچکی‘ کی تشہیر کے لیے ان کے رئیلٹی شو ’بگ باس 11‘ میں جائیں گی۔

5 جنوری کو ہونے والی شوٹنگ کے دوران سلمان خان اور رانی مکھرجی ماضی میں دونوں کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں پر بھی کھل کر بات کریں گے اور شو کو جلد آن ایئر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ رانی مکھرجی کی فلم ’ہچکی‘ 23 فروری کو نمائش کے لیے سینما گھرون میں پیش کی جائے گی۔