نواز شریف انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظلم محمد نواز شریف انتخابات سے بھاگ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف بتا کیوں نہیں دیتے کہ ان کے خلاف کون سازش کررہا ہے، ماضی کے انتخابات میں کس لاڈلے کو فائدہ ہوا سب کو معلوم ہے۔

انہوں نے کہا کہ 300 ارب روپے ایف زیڈ ای کیپٹل کے پاس کیسےآیا؟ یہ پیسے کس نے اور کیسے منتقل کیے؟ آپ کے پاس حساب کتاب نہیں تو عدلیہ کو متنازع کرنا چاہتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نااہلی کے ملزم پنجاب ہاؤس کس حیثیت میں استعمال کر رہے ہیں؟ حکومت پنجاب خیال کرے، نواز شریف اور مریم نواز ملزمان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی پریس کانفرنس میں سوالات کی اجازت نہیں دی گئی، انہوں نے بیان جاری کیا وہ واٹس ایپ کردیتے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ آج آپ کو یاد آرہا ہے کہ ماضی میں الیکشن میں دھاندلی کی گئی، الیکشن میں دھاندلی کی بات تو عمران خان کرتے آئے ہیں۔